سروے کو عالمی معیار کے مطابق مکمل کرنا ایک اہم پیش رفت ہے جو پالیسی سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنائے گا،احسن اقبال

36

اسلام آباد،25 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے لیبر فورس سروے 2024-25 کی تقریبِ رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سروے کو عالمی معیار کے مطابق مکمل کرنا ایک اہم پیش رفت ہے جو پالیسی سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی لیبر فورس میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ورک فورس تیزی سے زرعی شعبے سے خدماتی شعبے کی طرف منتقل ہو رہی ہے، جس سے معیشت کے بدلتے ڈھانچے کی عکاسی ہوتی ہے۔ سروسز سیکٹر روزگار کے سب سے بڑے حصے کے طور پر سامنے آیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اوسط ماہانہ اجرت میں اضافہ اور خواتین و مردوں کی اجرت کے فرق میں کمی خوش آئند ہے۔ خواتین میں انٹرپرینیورشپ اور گیگ اکانومی میں شمولیت کا بڑھتا رجحان معاشی شمولیت کے فروغ کی علامت ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافہ ملک کے لیے اہم معاشی و سماجی چیلنجز پیدا کر سکتا ہے، اس لیے حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر مؤثر آبادی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے بعد اب توجہ برآمدات میں اضافہ، نوجوانوں کے لیے بہتر روزگار اور جدید ہنر مندی کے فروغ پر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ “میڈ اِن پاکستان” کو عالمی سطح پر مضبوط بنانے کے لیے آئی ٹی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، اے آئی اور جدید زرعی مہارتوں کی تربیت کو تیز کیا جا رہا ہے۔