اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کی ملاقات

18

اسلام آباد، 26 نومبر (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی، سماجی اور ترقیاتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کی تبدیلی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی اتحادی حکومت صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی مجموعی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبے خوش آئند ہیں اور وفاق ہر سطح پر صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے اور وفاق و صوبوں کے درمیان مضبوط رابطوں سے عوامی مسائل حل کرنے میں مزید بہتری آئے گی۔

ملاقات کے دوران عوامی فلاح و بہبود کے جاری منصوبوں، وفاقی معاونت اور سیکیورٹی انتظامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے بلوچستان کی خوشحالی اور پائیدا ترقی کیلئے باہمی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پارلیمانی خدمات، ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے اور بلوچستان اسمبلی میں قانون سازی کے سلسلے میں قومی اسمبلی کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور عوام نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان صوبوں کی مضبوط آواز ہے، جو ہر سطح پر رہنمائی فراہم کرتی ہے۔