اسلام آباد، 27نومبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔
جمعرات کے روز قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی اس مہم کو مسترد کرتا ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ سپیکر نے بارہا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے مواقع کی پیشکش کی لیکن افسوس ہے کہ پی ٹی آئی نے اس عمل کو مسلسل سبوتاژ کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت میں رہتے ہوئے پی ٹی آئی نے سیاسی مخالفین کے خلاف فاشسٹ ہتھکنڈوں کا سہارا لیا اور ن لیگ کی اعلیٰ قیادت کو حراست میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود اس وقت کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت کو چارٹر آف اکانومی کی پیشکش کی۔
حالیہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاسی عمل کا بائیکاٹ کیا اور اب اپنی سیاسی غلطی پر پردہ ڈالنے کے لیے بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے۔











