ملتان، 27 نومبر (اے پی پی ): حکومتِ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر حقِ ملکیت کے تحفظ کے لیے جاری کارروائیوں میں اہم پیش رفت، ضلع ملتان میں متعدد شہریوں کی جائیدادیں واگزار کرا دی گئیں۔ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 35 شہریوں کی کئی ایکڑ اراضی قبضہ گروپوں سے چھڑا کر اصل مالکان کے حوالے کر دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو اور سی پی او صادق علی ڈوگر کی زیر صدارت قبضہ واگزار کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر، ایس پی صدر خدیجہ اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں مزید 10 کیسز کی سماعت کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو جائیدادیں فوری طور پر واگزار کرانے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت قبضہ واگزار کمیٹیاں تمام جائیداد کے کیسز 90 دن کے اندر نمٹانے کی پابند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کی شنوائی کے فوراً بعد ٹیمیں موقع پر کارروائی کرتے ہوئے جائیداد اصل حقداروں کے حوالے کر رہی ہیں۔وسیم حامد سندھو نے مزید کہا کہ غیرقانونی قبضہ ثابت ہونے پر 5 سے 10 سال قید کی سزا مقرر کی گئی ہے، جبکہ گزشتہ ہفتے میں کروڑوں روپے مالیت کی اراضی واگزار کر کے اصل مالکان کے سپرد کی گئی ہے۔











