اسلام آباد / 28 نومبر(اے پی پی ): اپوزیشن کے سینیٹرز اور اراکینِ قومی اسمبلی نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن کے اراکین کو اپنے چیمبر میں خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہمارا سیاست سے بڑا آپس میں بھائی چارے اور رواداری کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہاُکہ 2014 سے آپ بھائیوں سے رابطے میں ہوں۔ سیاست ساری عمر نہیں ہوتی، یہ ختم ہو جاتی ہے،اراکینِ اسمبلی کا ایسا رشتہ ہونا چاہیے جو ساری زندگی قائم رہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں نے ہر موقع پر مذاکرات کی بات کی، مذاکرات سے ہی سارے مسائل حل ہوں گے،بیرسٹر گوہر علی خان نے بانی پی ٹی آئی سے اُن کے خاندان کے افراد کو ملنے کی اجازت دینے کا معاملہ اُٹھایا ۔اپوزیشن وفد کے اراکین نے اسپیکر کی اپوزیشن اور حکومت کے درمیان سہولت کاری کو سراہا ۔
ملاقات میں شریک اراکین میں سینیٹر علامہ راجا ناصر عبّاس، فیصل جاوید، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، اور اراکینِ قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر علی خان، اقبال آفریدی، عاطف خان، ڈاکٹر امجد علی خان، سردار لطیف کھوسہ اور محمد جمال احسن خان شامل تھے۔











