مسلم اُمہ کو متحد ہو کر تمام عصری چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا،   اسحاق ڈار

8

اسلام آباد،29نومبر  (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ  سینیٹر محمد اسحاق ڈار    نے مسلم اُمہ میں اتحاد اور یکجہتی کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا  ہے کہ دنیا ایک تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہےاس لیے مسلم اُمہ کو متحد ہو کر تمام عصری چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔ہفتہ کو بین الاقوامی قرات مقابلے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم اُمہ مشترکہ عقائد اور ایمان کی بنیاد پر متحد ہے اور علماء کرام کو چاہیے کہ اُمہ میں اتحاد کی تعلیم دیں کیونکہ یہی مسلم دنیا کے مسائل کا بہترین حل ہے۔

انہوں نے  کہا کہ  اسلامی تعلیمات کسی بھی قسم کے دہشت گردی اور انتہاپسندی کی اجازت نہیں دیتیں اور ایک انسان کو قتل کرنا پوری انسانیت کو قتل کرنے کے مترادف ہے، جبکہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر خارجہ نے مختلف ممالک سے آئے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی تقریب سالانہ بنیادوں پر منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے نوجوان شرکاء کو نصیحت کی کہ وہ قرآن و سنت کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کریں اور ہمدردی، محبت، انسانیت، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی جیسے اخلاقی اوصاف پیدا کریں تاکہ مسلم اُمہ مضبوط ہو اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین اسلامی تعلیمات کے اصولوں پر مبنی ہے۔یہ بین الاقوامی مقابلہ وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام منعقد ہوا جس میں تنظیم تعاون اسلامی  کے 40 سے زائد رکن ممالک کے قاری شریک ہوئے۔