اسلام آباد،29 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دو گھنٹے تک امیگریشن عملے کی کارکردگی اور مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران محسن نقوی بیرونِ ملک روانہ ہونے والے مسافروں سے بھی ملے اور ان کے مسائل اور شکایات سنی۔
وزیر داخلہ نے ویزہ ایجنٹ مافیا کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ممالک جانے والے افراد ملک کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، اور ایسے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔محسن نقوی نے ہدایت کی کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے تمام صورتحال کی چھان بین کی جائے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ درست اور ضروری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے گا، تاہم جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ مسافروں کو اس نوعیت کی شکایات کا موقع نہیں ملے گا جبکہ ایجنٹ مافیا کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔











