اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ہفتہ کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور 27 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کیا۔ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں ورکشاپ کو کامیابی سے مکمل کرنے پر شرکاکو مبارکباد دی اور قومی سلامتی کے بارے میں آگاہی کو مضبوط بنانے کے لیے ان کی لگن کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے عصری سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باخبر قیادت، قومی ہم آہنگی اور مربوط پالیسی سازی کی اہمیت پر زور دیا ۔
نیشنل سکیورٹی ورکشاپ میں جامع قومی سلامتی کے فریم ورک کے تحت قومی طاقت کے مختلف عناصر کے درمیان باہمی تعامل کے بارے میں شرکا کی سمجھ کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی قومی سلامتی ورکشاپ قومی سطح کے مکالمے کو فروغ دینے، ادارہ جاتی صلاحیت کو بڑھانے اور قومی سلامتی کے لیے پورے ملک کے نقطہ نظر کو فروغ دینے کے لیے ملک کے اہم پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے۔ صدر مملکت نے گریجویٹ ہونے والے شرکاکو اسناد بھی دیں۔











