وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا دورہ مصر، السویڈی الیکٹرک کے صدر و سی ای او سے ملاقات

11

قاہرہ، (مصر)، یکم دسمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے دورۂ مصر کے دوران مصری کنسٹرکشن اور توانائی کے بڑے ادارے السویڈی الیکٹرک کے صدر و سی ای او انجینئر احمد السویڈی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور تجارتی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر انجینئر احمد السویڈی نے پاکستان میں السویڈی الیکٹرک کی موجودہ سرمایہ کاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کاروباری ماحول کو مزید بہتر قرار دیا۔

وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں موجود وسیع امکانات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مائننگ سیکٹر میں بڑے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔انہوں  نے مصری کمپنیوں کو پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیکنالوجی سروسز کے شعبے میں موجود شاندار مواقع پر بھی بریفنگ دی، جس پر مصری کمپنیوں نے پاکستان کے ساتھ تجارتی و صنعتی تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں فریقین نے مصر اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا، جبکہ مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات بھی زیر غور لائے گئے۔