چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے آسٹریلوی ہائی کمشنر مسٹر ٹموتھی کین کی ملاقات

12

اسلام آباد، 01 دسمبر ( اے پی پی): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان، ٹموتھی کین نے  پارلیمنٹ ہاؤس میں بروز پیر ملاقات کی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں آسٹریلیا کے لیے بے پناہ خیرسگالی پائی جاتی ہے، جب کہ آسٹریلیا میں مقیم  پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے تعلیم کے شعبے میں آسٹریلیا کے دیرینہ تعاون کو سراہتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 20 ہزار پاکستانی طلبہ آسٹریلوی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو مستقبل میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کئی حوالوں سے جڑے ہوئے ہیں، جن میں کھیل خصوصاً کرکٹ ایک اہم رشتہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہائی کمشنر ٹموتھی کین کا دورِ تعیناتی دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ دو طرفہ تجارتی حجم دونوں ممالک کی اصل صلاحیت کا عکاس نہیں۔ انہوں نے اقتصادی شراکت داری کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے آسٹریلیا کے زرعی شعبے میں تعاون، 13 جاری منصوبوں اور تحقیقی اشتراک کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان سے ٹیکنالوجی کی منتقلی، مارکیٹ تک بہتر رسائی اور پاکستانی کاشتکاروں کے لیے عملی فوائد حاصل ہوں گے۔

پارلیمانی سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کی سطح پر روابط اور وفود کے تبادلے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی حالیہ ملاقات کو بھی دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے زرعی شعبے میں بہترین تجربات کے تبادلے کی خواہش کا اظہار کیا اور آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کو اسلام آباد میں حال ہی میں منعقد ہونے والی  بین الپارلیمانی سپیکر کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر بھی تفصیل سے آگاہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ اسٹریلیا کے ساتھ ہمارے تعلقات کافی تاریخی ہیں انہوں نے کہا کہ 1993 میں بطور سپیکر قومی اسمبلی اور بحیثیت وزیراعظم پاکستان 2011 میں آسٹریلیا کے دورے کئے اور اعلیٰ سطح ملاقاتیں کیں جو کہ اہم اور نتیجہ خیز  رہیں۔

آخر میں چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزمکا اعادہ کیا اور ہائی کمشنر ٹموتھی کین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر آسٹریلیا کے وزیراعظم کو شادی کی مبارکباد دی اور آسڑیلیا کے ہائی کمشنر کے ذریعے نیک خواہشات کا پیغام دیا ۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے پاکستانی قیادت کے مثبت نقطہ نظر کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دیرینہ اور مضبوط تعلقات کے حامل ہیں۔ انہوں نے جنوبی پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتِ حال پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات شدید ہوتے جا رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ کے مشیر اور بین الپارلیمانی سپیکر کانفرنس کی سفیر  مصباح کھر اور سینئر ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول طارق بن وحید بھی موجود تھے۔