ملتان، 01 دسمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیم دوست وژن کے تحت ضلعی انتظامیہ ملتان کی جانب سے طلباءو طالبات کی تخلیقی اور سائنسی صلاحیتوں کے فروغ کیلئے اہم قدم اٹھاتے ہوئے سائنس، انجینئرنگ اور آرٹس کے حوالے سے تخلیقی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔محکمہ تعلیم کے زیرِ اہتمام یہ مقابلے گورنمنٹ مون لائٹ اسکول میں منعقد ہوئے، جہاں مختلف سکولوں کے طلباءو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے اپنے تیار کردہ سائنسی ماڈلز، انجینئرنگ پراجیکٹس اور آرٹس ورک پیش کیے۔ نمائش میں رکھے گئے پراجیکٹس طلباءکی اختراعی سوچ، محنت اور سائنسی رجحان کی عکاسی کرتے رہے۔ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے تقریب کی صدارت کی اور مختلف اسٹالز کا دورہ کرکے طلباءکی تخلیقات کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے طلباءکی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق صوبے بھر میں طلباءکی تخلیقی و تحقیقی صلاحیتوں کو ابھارنے کیلئے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ نئی نسل کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ سائنس اور آرٹس کے میدان میں جھنڈے گاڑے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ طلباء و طالبات کی غیر نصابی سرگرمیوں کی مکمل سرپرستی جاری رکھے گی اور انہیں اپنی قابلیت دکھانے کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباءو طالبات میں انعامات اور اعزازات بھی تقسیم کیے۔ حکومتی اعلان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے فاتح طلباءکیلئے خصوصی انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔نمائش میں والدین، اساتذہ اور مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور طلباء کے پراجیکٹس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔











