کمشنر ملتان عامر کریم خان کا نشتر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ، گائنی او پی ڈی اور زیر تعمیر منصوبوں کا تفصیلی دورہ

9

ملتان،01 دسمبر (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے نشتر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ، گائنی او پی ڈی اور زیر تعمیر منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مریضوں اور لواحقین سے اسپتال میں دستیاب سہولیات اور اسٹاف کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔

ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں اور لواحقین نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے رویّے اور خدمات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ اسپتال میں ضروری ادویات کی فراہمی بلا تعطل جاری ہے اور کسی قسم کی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ کمشنر عامر کریم خان نے بتایا کہ ایمرجنسی وارڈ کی صفائی مجموعی طور پر بہتر تھی تاہم اسے مزید بہتر بنانے کی گنجائش موجود ہے۔

بعد ازاں کمشنر نے گائنی او پی ڈی کا بھی معائنہ کیا جہاں مریضوں کا بہاؤ منظم پایا گیا اور کوئی نمایاں بے ترتیبی دیکھنے میں نہیں آئی۔ مریضوں نے فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان ظاہر کیا جبکہ کنسلٹنٹ ڈاکٹرز اپنی جگہ موجود تھے۔ کمشنر عامر کریم خان نے او پی ڈی کی صفائی متاثرکن نہ ہونے پر فوری بہتری کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے او پی ڈی فارمیسی کے باہر قطار میں بے ترتیبی پر عوامی رہنمائی کے لیے رضاکار تعینات کرنے کا حکم بھی دیا۔

کمشنر نے نشتر میں زیر تعمیر کینسر اسپتال کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ بریفنگ کے مطابق پانچ منزلہ عمارت کا گرے اسٹرکچر مکمل ہو چکا ہے اور یہ اسپتال 100 بستروں پر مشتمل ہوگا۔ منصوبے کی مجموعی لاگت 755 ملین روپے ہے جبکہ تکمیل کے لیے مزید 260 ملین روپے درکار ہیں۔ فنڈز کی بروقت فراہمی کی صورت میں اسپتال جون 2026 تک مکمل ہوسکتا ہے، جبکہ موجودہ شیڈول کے مطابق تخمینہ دسمبر 2026 ہے۔ عملے کی تقرری کے لیے SNE محکمہ کو ارسال کی جاچکی ہے جس کی بروقت منظوری اسپتال کے فعال ہونے کے لیے ناگزیر قرار دی گئی۔

دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خان نے PET-Scan بلڈنگ کا بھی معائنہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے میں PET-Scan مشین پہنچ چکی ہے اور یہ سہولت مارچ 2026 میں فعال ہو جائے گی۔ کمشنر کے مطابق یہ سہولت پنجاب کی دوسری جبکہ جنوبی پنجاب کی پہلی PET-Scan فیسلٹی ہوگی۔ عملے کی تقرری کے لیے بھجوائی گئی SNE کی منظوری کے بعد یہ مشین مقررہ وقت پر آپریشنل ہو جائے گی۔