لاہور،02 دسمبر(اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور ائرپورٹ کا دورہ کیا، اور مسافروں کے امیگریشن عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امیگریشن کاونٹرز پر مسافروں کی ٹریول ہسٹری کو شناختی کارڈز اور پاسپورٹس سے منسلک کرنے کے نظام کا مشاہدہ کیا ۔
محسن نقوی نے تیز رفتار سسٹم پر ڈائریکٹر ایف آئی اے اور انکی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے بیرون ممالک جانے والے مسافروں سے ملاقات کی اور امیگریشن پراسیس کے بارے میں پوچھا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ صرف 2 منٹ میں امیگریشن کا عمل مکمل ہوا ہے، جو کہ ایک قابل ستائش کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکمل سفری دستاویزات کے حامل کسی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے گا، لیکن نامکمل یا بوگس دستاویزات کے حامل مسافر کو ہرگز سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت ہم سب کی عزت ہے، اور وطن کی بدنامی کا باعث بننے والے کسی مسافر کو سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔











