جنیوا، 2 دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے جنیوا میں گاوی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے گاوی بورڈ اجلاسوں سے قبل مشترکہ حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا۔
ملاقات میں پاکستان کی امیونائزیشن ترجیحات اور جاری تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے گاوی کے ساتھ مضبوط شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ امیونائزیشن کوریج کو بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور صحت کے شعبے میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پاکستان میں حفاظتی ٹیکہ کاری کے لیے جاری کوششوں کی تعریف کی اور ویکسین کوریج مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گاوی اور پاکستان کے مابین مستقبل کے تعاون پر اعتماد کا اظہار بھی کیا۔











