علامہ اقبال ایک فکری انقلاب کے بانی تھے، جنہوں نے کردار، علم اور عمل کی بنیاد پر قوموں کی تعمیر کا تصور پیش کیا؛اشفاق احمد خلیل

10

اسلام آباد،03 دسمبر(اے پی پی): وفاقی سیکرٹری وزارتِ اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے کہا ہے کہ علامہ اقبال ایک فکری انقلاب کے بانی تھے، جنہوں نے کردار، علم اور عمل کی بنیاد پر قوموں کی تعمیر کا تصور پیش کیا۔ اقبال کا پیغام آج بھی نوجوانوں میں خودی، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد کا جذبہ بیدار کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

بدھ کو یہاں  انفارمیشن سروسز اکیڈمی کی جانب سے “فکرِ اقبال کی عصری معنویت اور نسلِ نو” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ علامہ محمد اقبال نے نوجوانوں کو کسی بھی قوم کا مستقبل قرار دیا اور بتایا کہ اگر نوجوانوں میں سچ بولنے کا حوصلہ، تحقیق کا جذبہ اور جدوجہد کی قوت ہو تو کوئی طاقت ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام محض تقریروں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے تعلیم، قومی پالیسیوں اور نوجوانوں کی تربیت کا حصہ بنانا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نہ صرف اقبال کی شاعری پڑھانی چاہیے بلکہ تخلیقی سوچ، سائنسی شعور، اخلاقی تربیت اور سماجی ذمہ داری جیسے عملی تقاضوں کو بھی نوجوانوں میں اجاگر کرنا ہوگا تاکہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔