ملتان میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ویسٹ فری سٹی ماڈل کی تیاریاں تیز، ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کا مختلف علاقوں کا اچانک دورہ

39

ملتان ، 3 دسمبر(اے پی پی): ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ویسٹ فری سٹی ماڈل منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو کی ہدایت پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی ٹیمیں شہر بھر میں سرگرمِ عمل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بدھ کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا، صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور فیلڈ میں موجود عملہ صفائی سے ملاقات کی۔

دورے کے دوران انہوں نے کوڑا کرکٹ کی فوری تلفی، گلی محلوں اور بازاروں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈویژنل منیجر آپریشن انوار الحق نے ڈپٹی کمشنر کو ویسٹ فری آپریشن، فیلڈ ایکٹیویٹی اور مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ اندرون شہر سمیت تمام بازاروں میں مثالی صفائی کو اولین ترجیح بنایا جائے۔

 ویسٹ فری مارکیٹس کے سمارٹ پلان میں تاجر برادری کو بھی شامل کیا جائے تاکہ شہر کو حقیقی معنوں میں صاف و شفاف بنایا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ نجی کنٹریکٹرز کی کارکردگی کا سختی سے احتساب کیا جا رہا ہے۔

اے پی پیْ/سہیل/نورین