نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے بورڈ آف گورنرز کا ساتواں اجلاس منعقد

43

لاہور، 03 دسمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور چیئرمین بورڈ و سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے بورڈ آف گورنرز کا ساتواں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں زیرِ تعمیر کینسر انسٹی ٹیوٹ میں ایچ آر، تعمیراتی امور اور آپریشنل پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بورڈ کے چھ نکاتی ایجنڈا کی منظوری دی گئی جبکہ بورڈ کے چھٹے اجلاس کے منٹس کی بھی توثیق کر دی گئی۔
اس موقع پر پچھلے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی گئی۔ آئی ڈیپ حکام نے نرسنگ کالج، نرسنگ ہاسٹل اور ایڈمن بلاک کو منصوبے میں شامل کرنے سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی۔ ڈین کی تعیناتی کے لیے انٹرویوز اور پروکیورمنٹ پراسیس سے متعلق بھی پیش رفت شیئر کی گئی۔
اجلاس کے دوران ہیومن ریسورس ریگولیشنز کی منظوری بھی دے دی گئی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب لاہور میں 72 ارب روپے کی لاگت سے 915 بستروں پر مشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ کینسر انسٹی ٹیوٹ قائم کر رہی ہے،منصوبے پر دن رات کام جاری ہے، اور آئی ڈیپ کو اسے مقررہ وقت پر فنکشنل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کی زندگی میں بہتری لانے والا ہر قدم حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کو جدید تقاضوں کے مطابق پیپر لیس بنایا جا رہا ہے۔