وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ اجلاس

14

لاہور، 03 دسمبر (اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سیکرٹری بورڈ رضوان نصیر اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) اسد محمود نے پی ڈی پی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں وزیر بلدیات نے مزید 10 شہروں کے لیے ٹیکنیکل ٹینڈرنگ کے عمل میں شرکت کی، جبکہ کنٹریکٹرز کے سامنے جمع کرائے گئے ای ٹینڈر بھی کھولے گئے۔ اس موقع پر ذیشان رفیق نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرح پی ڈی پی میں بھی شفاف ای ٹینڈرنگ سسٹم کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ٹینڈرنگ کے تمام مراحل کو بالکل شفاف رکھا گیا ہے۔ وزیر بلدیات نے بتایا کہ پی ڈی پی کے پہلے مرحلے میں 68 شہروں میں میونسپل اسکیمیں مکمل کی جائیں گی، جبکہ محکمہ بلدیات 52 شہروں کے منصوبوں کی نگرانی کرے گا۔ باقی شہروں میں واسا کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ابتدائی طور پر 10 ملین روپے جاری کر دیے ہیں اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی شہروں میں سہولیات کی فراہمی کا بڑا اور جامع منصوبہ ہے، جس کے تحت ڈرین اور سیوریج سسٹم کی تعمیر و مرمت کو یقینی بنایا جائے گا۔ اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لیے مکمل حکمتِ عملی تیار کر لی گئی ہے جبکہ برساتی پانی کے ذخیرے کے لیے زیرِ زمین ٹینک تعمیر کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی بار پنجاب کے تمام شہروں کے لیے ماسٹر پلاننگ مکمل کی جا رہی ہے۔ وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور گلیوں کی بحالی، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی پروگرام کا اہم حصہ ہیں اور منصوبہ بندی آئندہ 25 سال کی آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کی جا رہی ہے۔ مرحلہ وار 200 شہروں کو جدید میونسپل خدمات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ سیوریج اسکیموں میں لائننگ والے پائپ استعمال کیے جائیں گے جن کی عمر 100 سال تک ہوتی ہے۔ شہروں کے لیے اینڈ ٹو اینڈ سلوشن فراہم کیا جائے گا جس سے کروڑوں لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ آخر میں وزیر بلدیات نے بتایا کہ شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی آبادی کے لیے مثالی گاؤں منصوبہ بھی جاری ہے جس کے تحت ہر مثالی گاؤں کو شہر جیسی میونسپل خدمات فراہم کی جائیں گی۔