اسلام آباد، 03 دسمبر )اے پی پی ):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی اور سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور مستقبل کی ترجیحات پر بھی غور کیا گیا۔ گورنر بلوچستان نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ان کی پیش رفت سے اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا۔
وفد نے بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا۔
وفد نے وفاقی اور صوبائی سطح پر قانون ساز اداروں کے مابین مؤثر روابط کے فروغ کے لیے اسپیکر سردار ایاز صادق کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے قومی اسمبلی کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے میں اسپیکر سردار ایاز صادق کے کردار کو سراہا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل پارلیمان کی اولین ترجیح ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی ترقی بلوچستان کی ترقی سے منسلک ہے، لہٰذا صوبے کی فلاح و ترقی کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے جائیں گے۔ملاقات میں وفاق اور صوبہ بلوچستان کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔











