وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی سے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کی ملاقات

14

اسلام آباد، 4 دسمبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، اس ملاقات میں ایرانی کمرشل کونسلر کمالی مقدم بھی شریک تھیں۔

ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر مفصل گفتگو ہوئی۔ فریقین نے دونوں ممالک کے مابین مثبت تعاون اور مستقل حمایت پر خصوصی اظہارِ تشکر کیا۔

وزیرِ ریلوے اور ایرانی سفیر نے اسلام آباد،تہران،استنبول (ITI) ٹرین کی اس سال دوبارہ بحالی پر اتفاق کیا، جس سے نہ صرف دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ خطے میں تجارتی راہداریوں کا احیاء بھی ممکن ہوگا۔

وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان،ایران تجارت میں اضافے اور باہمی درآمدات و برآمدات کو فروغ دینا دونوں ممالک کے معاشی مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت بڑھے گی تو ریلوے ریونیو میں اضافہ اور ملکی معیشت کو استحکام ملے گا۔

وزیرِ ریلوے نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم کے وژن کے مطابق علاقائی روابط کا فروغ اور خطے کو ریلوے کے ذریعے جوڑنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ایرانی سفیر نے وزیرِ ریلوے کو ایران کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جسے وزیرِ ریلوے نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔

 انہوں نے کہا کہ ایران میں زیارات کی سعادت حاصل کرنا میرے لیے باعثِ شرف ہوگا۔محمد حنیف عباسی نے یہ بھی بتایا کہ دورۂ ایران کے دوران ایرانی ریلوے نظام کا جائزہ لینا بھی ان کے ایجنڈے کا حصہ ہوگا، تاکہ خطے میں ریل رابطوں کو مزید جدید اور موثر بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔