لاہور، 4 دسمبر (اے پی پی): پنجاب میں صفائی کے شعبے میں تاریخی انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی۔ صوبے بھر میں پہلی بار روایتی جھاڑو کو خیرباد کہہ کر جدید الیکٹرک وہیکلز، میکنیکل سوئپرز اور ویسٹ ٹو ویلیو ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے۔ پنجاب کے شہروں اور دیہات میں صفائی کا مربوط نظام مزید مؤثر بنانے کے لیے سخت قوانین، جرمانوں اور جدید مشینری پر مشتمل نیا ماڈل نافذ کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس میں “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹ کے لیے وسط جنوری تک جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کوڑے کرکٹ سے انرجی پیدا کرنے کے منصوبے کو تیز رفتار بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے صفائی کے نظام میں الیکٹرک وہیکلز شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ جدید اور ماحول دوست اقدام پنجاب میں صفائی کے معیار کو نئے دور میں داخل کرے گا۔ اجلاس میں پہلی بار اتوار کے روز بھی صفائی عملہ تعینات کرنے کے فیصلے کی منظوری دی گئی، جس سے صوبے میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی کا تسلسل برقرار رہے گا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے کمرشل ایریاز اور سڑکوں پر کوڑا پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کوڑا پھینکنے پر جرمانے ہوں گے اور پندرہ دن بعد خلاف ورزی کرنے والے قانون کی گرفت میں آئیں گے۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہر یونین کونسل میں صفائی کے عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ ہر دو یونین کونسلز کو ایک ٹریکٹر فراہم کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ صوبے بھر میں جگہ جگہ ویسٹ انکلوژرز تیار کیے جائیں گے تاکہ کوڑے دان اور کنٹینر منظم انداز میں رکھے جا سکیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ستھرا پنجاب کے تحت تنخواہوں اور ادائیگی کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔ گاڑیوں کی چیکنگ کے لیے وہیکل ٹریکنگ مینجمنٹ سسٹم اور لائیو کنٹینر مانیٹرنگ فعال ہے جبکہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی کے لیے KPIs پر مبنی اسکورنگ سسٹم بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صفائی کا اتنا بڑا نظام کسی معجزے سے کم نہیں۔ یہ نظام برسوں پہلے بن جانا چاہیے تھا، مگر ہم نے زیرو سے آغاز کرکے اسے جدید خطوط پر استوار کیا ہے۔ عوام کی جانب سے ستھرا پنجاب کے لیے مثبت فیڈ بیک ہماری کامیابی کا ثبوت ہے۔











