لاہور، 4 دسمبر (اے پی پی): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں گوجرانوالہ کے لیے تاریخی ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس کے دوران گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ گوجرانوالہ کے عوام کی دیرینہ ضرورت تھا اور اب بالآخر اسے عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔
نواز شریف نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ کے عوام اس سہولت کے مکمل طور پر حقدار تھے، جو انہیں بہت پہلے مل جانی چاہیے تھی۔ انہوں نے شہر کی ترقی اور شہریوں کو جدید سفری سہولت فراہم کیے جانے پر بے حد مسرت کا اظہار کیا۔
بریفنگ کے مطابق گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ ایمن آباد سے گھکھڑ تک 30 کلومیٹر سے زائد طویل داخلی و شہری روٹ پر قائم کیا جائے گا، جس سے روزانہ 51 ہزار سے زائد مسافر مستفید ہوں گے۔ منصوبے کے تحت شہر میں 40 جدید الیکٹرک آرٹیکولیٹڈ بسیں چلائی جائیں گی، جو ماحول دوست اور جدید شہری ٹرانسپورٹ کا نیا دور متعارف کرائیں گی۔ یہ منصوبہ گوجرانوالہ کی شہری منظرنامے اور ٹرانسپورٹ کے ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔











