ملتان۔ 04 دسمبر (اے پی پی):کمشنرملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے جمعرات کے روزملتان ایوینیو کےزیرتعمیرحصے کا دورہ کیااورجاری تعمیراتی سرگرمیوں کاتفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر متعلقہ افسران نے کمشنر کو تعمیراتی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
کمشنرعامر کریم خاں نے افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو ہرصورت چار ماہ کے اندرمکمل کیا جائے اورملتان ایوینیوکی پارکنگ بےاورگرین ویزکاماڈل حصہ دسمبر کے آخر تک تیارکیا جائےتاکہ مجموعی ڈیزائن اورمعیار کا عملی نمونہ سامنے آ سکے۔انہوں نے یوٹیلٹی سروسز کی فوری شفٹنگ یقینی بنانے کا بھی حکم دیا تاکہ زیرتعمیر سڑک کےباعث شہریوں کوممکنہ تکلیف سے بچایا جا سکے اور متبادل راستوں پر بہتر انتظامات کیے جائیں۔
کمشنر نے تاکید کی کہ تعمیراتی مقام کے اطراف سبز پردے اورحفاظتی شیٹس موثر انداز میں نصب کی جائیں تاکہ گردوغبار میں کمی لائی جا سکے اور راستے زیادہ محفوظ رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام حفاظتی اقدامات پر مکمل عملدرآمد کیا جائے اور مزدوروں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے کہاکہ منصوبے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا اورافسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار کو بہترسے بہتر بناتے ہوئے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔











