اسلام آباد : پاک۔کوریا سولر پینل ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح

20

‎ اسلام آباد ، 6 دسمبر ( اے پی پی) :  اسلام آباد میں پاک۔کوریا سولر پینل ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں صدرکوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی  اور جمہوریہ کوریا کے سفیر نے شرکت کی۔

‎اس حوالے سے وفاقی وزیر خالد مگسی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق پاکستان اور کوریا کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔   کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی  کی  9.5 ملین ڈالر گرانٹ سے ملک کی پہلی منظور شدہ پی وی ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی گئی ہے جبکہ پی ایس ڈی پی کے تحت منصوبے کے لیے 185.8 ملین روپے فراہم کیے گئے۔ لیبارٹری کے لیے اسلام آباد میں 8 کنال زمین مختص کی گئی ہے۔

‎اس کے علاوہ نئی لیبارٹری پاکستانی مینوفیکچررز کو یورپ اور وسطی ایشیا میں سولر پینلز کی برآمدات میں اہم سہولت فراہم کرے گی۔

‎افتتاح کے موقع پر صدر  کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی نے کہا کہ پاکستان شمسی توانائی کے وسیع مواقع کے باعث صاف اور سبز توانائی کی جانب تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور کوریا پاکستان کی سولر پی وی ماڈیولز کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تصدیق میں مکمل تعاون کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوریا اور پاکستان نے اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا ہے اور تعاون کے نئے مواقع کھولے جا رہے ہیں۔