وزیراعظم کی ترقیاتی منصوبوں کے مختلف مراحل میں اصلاحات کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت، قومی اہمیت کے اہم منصوبوں کی شفافیت کے ساتھ بر وقت تکمیل حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف

12

اسلام آباد۔8دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترقیاتی منصوبوں کے مختلف مراحل میں اصلاحات کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اہمیت کے اہم منصوبوں کی شفافیت کے ساتھ بر وقت تکمیل حکومت کی ترجیح ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سٹیک ہولڈرز کی سٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت خود کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے لائحہ عمل پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس خان لغاری ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک،  وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹرز سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

 وزیر اعظم نے ترقیاتی منصوبوں کے مختلف مراحل میں اصلاحات کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں اصلاحات کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سٹیک ہولڈرز کی سٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت وہ خود کریں گے۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اصلاحات میں معاونت پر شراکت داروں، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا۔

 اجلاس کو عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لئے انسانی وسائل کو منصوبوں کے مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو پی ایس ڈی پی اور اے ڈی پی کے مقاصد اور امنگوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے،  بروقت پروکیورمنٹ نہ ہونا ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کی بنیادی وجہ ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ای-پروکیورمنٹ اور پراجیکٹ ریڈی نیس کی سہولیات کی فراہمی سے پروکیورمنٹ کو تیز رفتار بنایا جا سکتا ہے، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں منظوری کے کئی مراحل شامل ہوتے ہیں جن کو سہل بنانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں اصلاحات کے حوالے سے چار ورکنگ گروپس بنانے کی تجویز زیر غور آئی، پہلا ورکنگ گروپ ترقیاتی منصوبوں کے منظوری کے مراحل اور تیاری کے حوالے سے اصلاحات پر کام کرے گا، دوسرا ورکنگ گروپ پروکیورمنٹ کو جدید اور شفاف خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے اصلاحات پر اور تیسرا ورکنگ گروپ منصوبوں کے لئے زمین کے حصول اور ری-سیٹیلمنٹ کے معاملات میں اصلاحات لانے کے حوالے سے ہو گا جبکہ چوتھا ورکنگ گروپ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے  انسانی وسائل اور سٹاف کی تعیناتی کے حوالے سے اصلاحات پر کام کرے گا ۔