راولپنڈی۔8دسمبر (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ قوم مسلح افواج سپہ سالار اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتی ہے،پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈہ دراصل دشمن کے بیانیے کی تقویت ہے،افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو متنازع بنانا کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو راولپنڈی میں اپنی رہائش گاہ پر افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نکالی جانے والی ریلی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بے بنیاد بیانئے اور انتشار پھیلانے کی کوششیں قومی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف منفی مہم چلانے والے عناصر دراصل دشمن قوتوں کا بیانیہ آگے بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھ کسی بھی سطح پر مذاکرات ممکن نہیں اور نہ ہی ریاست اس کی اجازت دے سکتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایک مخصوص جماعت دہشت گردوں سے ہوٹلوں میں مذاکرات کی تجویز دے رہی ہے، جو قومی مفاد اور قومی سلامتی کے تقاضوں کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اس کے دشمنوں کے درمیان مضبوط دیوار پاک فوج ہے، اور مسلح افواج کی قربانیوں کا تمسخر اڑانے والوں کے لیے اس ملک میں کوئی جگہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا پاکستان مخالف بیانیوں کو غیر معمولی نمایاں کرتا ہے، جس کا مقصد پاکستان کی عالمی سطح پر بہتر ہوتی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان آج تنہائی سے نکل کر عالمی سطح پر احترام حاصل کر چکا ہے، ہمارے دشمنوں کو پاکستان کی یہ پذیرائی ہضم نہیں ہوتی،
بیرسٹر دانیال نے مزید کہا کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں عوام نے شدت پسندانہ اور ادارہ دشمن بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کیا ہے۔ جس صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہاں گزشتہ 14 برس سے امن قائم نہ ہو سکا اور یہی عناصر پاک فوج پر بے جا تنقید کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی مذموم کوششیں ملک دشمنی کے مترادف ہیں۔قوم متحد ہے اور اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے، اور پاکستان کے خلاف کسی بھی منفی بیانیے کو ناکام بنایا جائے گا۔











