ویمن یونیورسٹی کی کارکردگی میں شاندار اضافہ، سکورنگ ایک سال میں 37 سے 67 فیصد تک پہنچی: گورنر بلوچستان

14

کوئٹہ 08 دسمبر (اے پی پی): گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ یہ خوشی کا لمحہ ہے کہ ویمن یونیورسٹی سمیت صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کی رینکنگ اور سکورنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے، تاہم سب سے قابلِ فخر کارنامہ خواتین کی یونیورسٹی کی شاندار کارکردگی ہے، جس کو ہم ایک سال کے مختصر عرصے میں 37 فیصد سے 67 فیصد تک پہنچانے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ویمن یونیورسٹی جلد ہی 80 فیصد کے مطلوبہ ہدف تک پہنچ جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں “بیسٹ ٹیچر اینڈ ریسرچر ایوارڈ 2025” کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر مندوخیل نے تمام خواتین پر زور دیا کہ وہ جدید سائنسی تعلیم حاصل کریں کیونکہ ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون کو ہی زندگی کے متعدد اچھے مواقع میسر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی میں “بیسٹ ٹیچر اینڈ ریسرچر ایوارڈ 2025” درحقیقت یونیورسٹی اساتذہ کے جذبے اور علم سے وابستگی کا اعتراف کرتا ہے اور یہ مجموعی تعلیمی معیار کو بڑھانے کے لیے یونیورسٹی کی لگن کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعمیری تنقید اور سخت نگرانی کے ساتھ ساتھ اپنے قابل اور فرض شناس سکالرز اور ریسرچرز کی پہچان بھی رکھتے ہیں اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان کلیم اللہ بابر اور رجسٹرار ویمن یونیورسٹی راحیلہ منظور سمیت فیکلٹی ممبرز اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔