راولپنڈی،08دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاک فوج پورے ملک کی پہچان ہے اور وقت آنے پر پوری قوم اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر مسلح افواج کے شانہ بشانہ وطن کا دفاع کرے گی۔ وہ انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے صدر ملک سہیل اعوان کی جانب سے پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب میں تاجر تنظیموں کے رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہوئی اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ شہداء اور غازیوں کے نام سے ملی نغمے بھی پیش کیے گئے۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں ایم پی اے ضیاء اللہ شاہ، محمد حنیف ایڈووکیٹ، چیئرمین آر آر سی ایس بی اے ممتاز احمد، سابق میئر سردار نسیم، حاجی پرویز، لبنیٰ ریحان اور راحت قدوسی نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے اپنے خطاب کے دوران ملک سہیل اعوان اور ان کی ٹیم کو کامیاب اور باوقار تقریب کے انعقاد پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور سیاست سے بالاتر ہو کر پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ شہید کی موت قوم کی حیات ہے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ دشمن کی مسلط کردہ جنگ پوری قوم کے سامنے ہے اور پاکستان کے ہر صوبے کا شہری ملک کا تاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو ہمیشہ منہ توڑ جواب دیا جس کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔ حنیف عباسی نے کہا کہ جو لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ فرد کی مخالفت کرتے ہیں، فوج کی نہیں، انہوں نے ہی کور کمانڈر ہاؤس جلا کر جی ایچ کیو اور آئی ایس آئی کے دفاتر پر حملے کیے اور شہداء کے مجسمے گرائے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان نے پاکستان کی تخلیق کے وقت مخالفت کی اور 1965 اور 1971 کی جنگوں میں دشمن کے ساتھ جشن منایا، ہم نے انہیں کھلے دل سے قبول کیا لیکن جب انہوں نے پاکستانی پرچم کی توہین کی تو سب کچھ واضح ہو گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے کسی پی ٹی آئی رہنما کو کسی شہید کے جنازے میں شریک ہوتے ہوئے نہیں دیکھا۔
انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت پر بھی سخت تنقید کی کہ وہ عوام کو بنیادی حقوق دینے میں ناکام رہی اور انتہاپسندوں کے خلاف بولنے سے گریزاں ہے۔ حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف اربوں ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں اور اندرونی و بیرونی دشمن سرگرم ہیں۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی بہن کےپاک فوج کے سربراہ کے خلاف بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم راولپنڈی میں فخر سے بات کرتے ہیں کیونکہ یہاں ہم نے تعلیمی ادارے، ہسپتال، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن جب دشمن نے نور خان ایئربیس پر حملہ کیا تو ہم دشمن کواس کے گھر میں گھس کر جواب دینے پر مجبور ہوئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی کوششیں جلد رنگ لائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ مختلف ممالک کے ساتھ دفاعی معاہدے حتمی مرحلے میں ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کمرشل مارکیٹ راولپنڈی کے لیے 30 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے کا آغاز کرنے جا رہی ہیں۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے ملک سہیل اعوان کو تاجر برادری کے لئے شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔











