اسلام آباد، 09 دسمبر(اے پی پی): وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ گزشتہ آٹھ ماہ میں ریلوے میں کی گئی اصلاحات کے نتیجے میں روزانہ آمدن میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ پندرہ دن سے روزانہ 300 ملین روپے کی آمدنی حاصل ہو رہی ہے جس نے پچھلے تیس برس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اصلاحات کے بعد مسافر اور فریٹ دونوں شعبوں کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ریلوے کی جدیدکاری کے تحت پورے پاکستان میں ریلوے کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
محمد حنیف عباسی نے بتایا کہ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ اب ریلوے ٹریک پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ نوکنڈی سے روہڑی اور روہڑی سے کراچی تک ٹریک کی بہتری کے معاہدے مکمل ہو چکے ہیں اور بہت جلد کام شروع ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں وزیر اعظم کے وژن پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور ریلوے کے تمام اہداف حاصل کر لیے جائیں گے جبکہ 31 دسمبر 2026 تک تمام مقررہ ٹارگٹس بھی مکمل کر لیے جائیں گے۔











