اسلام آباد، 9 دسمبر(اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں پانی اور فوڈ سیکیورٹی جیسے اہم قومی مسائل پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پانی کی قلت ایک سنگین قومی مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مؤثر اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس اہم موضوع کی حساسیت کے پیشِ نظر اجلاس میں اپوزیشن اراکینِ اسمبلی کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تاکہ مشترکہ مشاورت کے ذریعے قومی سطح پر جامع حکمتِ عملی تشکیل دی جاسکے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے آبی وسائل کے تحفظ اور فوڈ سیکیورٹی کے مسائل کا حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اہم قومی مسئلے کے حل کیلئے قومی یکجہتی اور اجتماعی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی مسائل کا حل سب کے مل بیٹھ کر مشترکہ فیصلے کرنے میں مضمر ہے۔
اجلاس کے دوران چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے ملک کو درپیش آبی چیلنجز، پانی کے ذخائر، جاری منصوبوں اور مستقبل کی ضروریات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پانی کے مسائل سے متعلق حکومتی و پارلیمانی سطح پر مؤثر اور قابلِ عمل سفارشات جلد از جلد مرتب کی جائیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے بروقت نمٹا جاسکے۔
اجلاس میں اراکینِ قومی اسمبلی، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید، وزارتِ آبی وسائل کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











