لاہور 9 دسمبر ( اے پی پی ) وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے آج یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی(جوہر ٹاؤن میں منعقد ہونے والے 28 ویں سالانہ کانووکیشن کی مرکزی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جس میں یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبہ، والدین، اساتذہ، ماہرین تعلیم، صنعتکاروں اورکاروباری حضرات اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے یونیورسٹی کے اولڈ سٹوڈنٹس کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اس سال ہو ایم ٹی کے 2,000 سے زائد طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں ہیں جن میں 74 پی ایچ ڈی اسکالرز، 185 گولڈ میڈلسٹس اور 300 ہونہار اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ شامل ہیں۔ تقریب میں یونیورسٹی کے ڈینز، ڈائریکٹرز، سینئر عہدیداران اور 133 رضاکار طلبہ نے انتظامی خدمات انجام دیں۔
وزیر خزانہ پنجاب نے اپنے خطاب میں کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج UMT کے یہ نوجوان نہ صرف اپنی محنت کی عملی تعبیر حاصل کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “کسی قوم کی اصل دولت اس کے خزانے نہیں بلکہ اس کی تعلیم یافتہ نوجوان نسل ہوتی ہے۔“ انہوں نے اس موقع پر والدین اور اساتذہ کی محنت اور کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیر خزانہ نے یو ایم ٹی کی علمی برتری اور ریسرچ، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، بزنس اور سماجی علوم کے میدان میں نمایاں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ UMT جیسے ادارے نہ صرف عالمی معیار کی تعلیم فراہم کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کی علمی و معاشی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
شرکاء سے خطاب میں وزیر خزانہ پنجاب نے حکومتِ پنجاب کی تعلیم دوست پالیسیوں اور نوجوانوں کے لیے جاری اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبہ پنجاب اس وقت اپنی تاریخ کے سب سے بڑے اور جامع تعلیمی اصلاحاتی دور سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکولوں کی بحالی، اسمارٹ کلاس رومز، ڈیجیٹل لائبریریوں، جدید IT لیبز، اساتذہ کی تربیت اور یونیورسٹیوں کی بہتری کے لیے انقلابی پروگرام جاری ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پنجاب میں کوئی بھی ہونہار طالب علم مالی مسائل کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ اس ضمن میں انہوں نے ’’ سی ایم پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ اینڈ سکالرشپ اکسپینشن پروگرام‘‘جیسے اقدامات کو سنگِ میل قرار دیا جو ہزاروں طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کا ’’ پنجاب سکلز فار امپلائمنٹ پروگرام‘‘ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، AI، روبوٹکس، فِن ٹیک، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا اینالٹکس اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں تربیت کے مواقع فراہم کر رہا ہے تاکہ صوبے کے نوجوانوں کو عالمی منڈی کی ڈیمانڈ کے مطابق تیار کیا جا سکے ۔
وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں وسائل میں اضافہ، ریسرچ گرینٹس، انکیوبیشن سینٹرز اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے ذریعے پنجاب تیزی سے نالج بیسڈ اکانومی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کو محض ایک شعبہ نہیں سمجھتی بلکہ ایک مشن سمجھتی ہے اور اسی مشن کے تحت ہم تعلیمی اداروں کی بہتری کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔
آخر میں وزیر خزانہ پنجاب نے فارغ التحصیل طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ اور عملی زندگی میں امانتداری، محنت، تخلیقی سوچ اور ذمہ داری کے ساتھ قدم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل کلاس رومز، یونیورسٹی لیبز، ریسرچ سینٹرز اور نوجوانوں کے خوابوں میں پنہاں ہے۔
تقریب کے اختتام پر یو ایم ٹی انتظامیہ نے وزیر خزانہ پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی جبکہ صوبائی وزیر نے یونیورسٹی انتظامیہ کو پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیم اور تحقیق کے میدان میں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔











