اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک اوروفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ ملک کی معاشی سمت درست ہونے کا واضح ثبوت ہے، رپورٹ کے مطابق 66 فیصد لوگوں نے ملک میں کرپشن میں کمی کا اعتراف کیا ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کو دیوالیہ ہونے کے خطرے سے کامیابی سے نکال کر اب معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں اور عوام کا حکومتی اداروں پر اعتماد بڑھا ہے۔
انہوں نے اس کامیابی کو حکومت کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ قرار دیا۔ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے واضح کیا کہ عوام نے 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے افواج پاکستان کو نشانہ بنانے والوں کو درحقیقت دشمن کو موقع دینے کے مترادف قرار دیا۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو بطور اپوزیشن جماعت مثبت کردار ادا کرنے اور سیاست کو سیاست تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا۔بیرسٹر عقیل ملک نے خیبرپختونخوا کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں نہ ترقی ہے نہ امن ہے ، ان ابتر حالات کا ذمہ دار بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر زور دیا کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھائیں۔ انہوں نے مفاہمت کی سیاست اور جمہوریت کے تقاضوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 13 سال سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے، جہاں احتساب کے ادارے کو تالا لگا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )ہمیشہ مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور کبھی انتقامی سیاست نہیں کی۔ انہوں نے معیشت کی بحالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو دیوالیہ کے خطرے سے نکال کر معاشی ترقی کی راہ ہموار کی گئی ہے۔
انہوں نے فرنٹ لائن ورکرز اور افواج پاکستان کے جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پروپیگنڈا کرنے والے ناکام ہوں گے۔











