ملتان 10 دسمبر )اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے راشد ارشاد حسین کی زیر صدارت ای بَز اور ای فاس سسٹمز کی کارکردگی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سسٹمز کی رفتار، شفافیت اور شہری سہولت کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے عطاءالحق کھوکھر، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ محسن رضا، ڈائریکٹر آرکیٹیکچر رمشاء رحمان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ڈی جی ایم ڈی اے نے ہدایت کی کہ ای بز اور ای فاس کے تحت موصول ہونے والی تمام کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر چیک کی جائیں اور جمع ہونے والے کیسسز مقررہ مدت سے پہلے فائنل کئے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے نقشہ منظوری کے عمل کو سادہ، تیز اور شفاف بنایا جائے تاکہ عام شہریوں کو سہولت میسر ہو۔راشد ارشاد حسین نے حکم دیا کہ ای بز اور ای فاس کے ذریعے موصول کیسز میں اعتراضات ایک ہی بار اور دو دن کے اندر اندر مالکان کو فراہم کیے جائیں تاکہ کیسز کی تکمیل میں تاخیر نہ ہو۔
ڈی جی نے کہا کہ “شہریوں کو آسان اور جلد سہولیات فراہم کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابل قبول ہے”۔











