اسلام آباد،11 دسمبر(اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ لاجز کا دورہ کیا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ و انسدادِ منشیات طلال چوہدری بھی ہمراہ تھے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے 104 اضافی فیملی سوئٹس کے تعمیراتی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے زیر تعمیر فیملی سوئٹس ماڈل پروجیکٹ کا معائنہ بھی کیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ منصوبہ 2011 میں شروع اور 2013 میں مکمل ہونا تھا، لیکن گزشتہ دہائی سے رکا ہوا تعمیراتی کام دوبارہ شروع ہوا ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کی درخواست پر وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے فنڈز جاری کرنے کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد تعمیراتی کام دوبارہ شروع ہوا۔ اسپیکر نے سی ڈی اے کو معیار اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کو رہائش کے مسائل کا سامنا ہے، اور منصوبے کی بروقت تکمیل میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ منصوبہ شفافیت کے ساتھ جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔











