لاہور: 12 دسمبر (اے پی پی): شہریوں کو بہتر میونسپل سروسز فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے علی الصبح تحصیل ماڈل ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹاؤن شپ، ضیاء کالونی اور منہاج یونیورسٹی روڈ کا معائنہ کیا، جہاں انہیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، چیف آفیسر ایم سی ایل، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن عبدالباسط صدیقی اور دیگر افسران نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر اے سی ماڈل ٹاؤن نے بتایا کہ جھگیوں کے انخلاء کے بعد ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ موقع پر موجود ہے جبکہ جھگیاں ہٹائے جانے والے تمام مقامات پر زیرو ویسٹ آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گلی محلوں میں گھر گھر کوڑا اٹھانے کا نظام ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ مکینیکل سویپرز کے ذریعے سڑکوں کے کناروں سے مٹی اور ملبے کی صفائی کو مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ سڑکوں کے اطراف پڑا ملبہ اور تعمیراتی مواد فوری طور پر ہٹا کر متعلقہ مقامات کی شجرکاری و بیوٹیفکیشن کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے رہائشی علاقوں سے جھگیوں اور مویشیوں کے فوری انخلاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کی بحالی اور صفائی کے اعلیٰ معیار کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کا نوٹس لیتے ہوئے پیچ ورک کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے کلین لاہور ویژن پر مؤثر عملدرآمد جاری ہے اور شہر کو ہر قسم کی رکاوٹوں، ملبے اور تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو صاف، خوبصورت اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔











