ملتان میں صفائی مہم تیز، ڈپٹی کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ

10

ملتان، 12 دسمبر(اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کی جانب سے “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت شہر کے تمام علاقوں میں صفائی اور ویسٹ کلیکشن کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔ مرکزی شاہراہوں، چوکوں اور بازاروں میں خصوصی واشنگ اور کلیننگ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

جمعے  کو  ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے فیلڈ کا دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گلی محلوں میں ویسٹ کولیکشن کے عمل، مشینری کے ذریعے جاری روڈ واشنگ اور بازاروں میں صفائی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔

ڈویژنل ہیڈ آپریشن انوارالحق نے ڈی سی ملتان کو جاری آپریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اضافی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ شہر کو زیرو ویسٹ کے ہدف کے مطابق صاف رکھا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مرکزی سڑکوں پر مشینری کے ذریعے واشنگ کا عمل مزید تیز کیا جائے اور صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ ہر سطح پر سخت کی جائے۔ انہوں نے کنٹریکٹرز کو ایک ہفتے میں کارکردگی بہتر بنانے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔محمد نعمان صدیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم کی کامیابی انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے، اور شہر کو صاف ستھرا بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔