برسلز۔12دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے دورہ بیلجیئم کے دوران اپنے ہم منصب برنارڈ کوائنٹن سے اہم ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں امیگرنٹس کی سمگلنگ پر قابو پانے کے لیے دوطرفہ اشتراک عمل کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات اور پیرا ملٹری فورسز کی مشترکہ ٹریننگ سے متعلق تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اقوام عالم کو غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور مربوط اقدامات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، پاکستان نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے سخت اور موثر اقدامات کیے ہیں۔
بیلجیئم کے وزیر داخلہ برنارڈ کوائنٹن نے انسداد دہشت گردی اور غیر قانونی امیگریشن کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے اور عالمی برادری کے لیے ایک مثبت مثال قائم کی ہے۔ ملاقات کے موقع پر برسلز میں تعینات پاکستانی سفارتکار اور بیلجیئم کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔











