حکومت کاروبار ی برادری کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے ہر وقت موجود ہے،خواجہ محمد آصف

12

سیالکوٹ۔13دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ صنعتکاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں ، کاروبار ی برادری کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے حکومت وقت موجود ہے ۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے  پسرور روڈ پر میگ  انڈسٹریل سٹیٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ایمن آباد روڑ شہر کی مختلف سرگرمیوں  کا مرکز  بن جائے گا، جس سے مقامی کاروبار اور شہری سہولیات میں بہتری آئے گی۔

خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ میگ انڈسٹریل اسٹیٹ  ایک اہم لینڈ مارک پروجیکٹ ہے، پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے  اس طرح کے اقدامات    قابلِ تعریف ہیں۔

خواجہ محمد آصف  نے مزید کہا کہ  پسرورروڈ، ایمن آباد روڑ، ڈسکہ روڑ، اور سمبڑیال  روڑ کو پہلے مرحلے میں رنگ روڑ کے ساتھ منسلک  کیا جائے گا کیونکہ ٹریفک کا بہت زیادہ بوجھ انہی سڑکوں پر ہے، اس لیے اسے پہلے مرحلے میں حل کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر دفاع نے مزید کہا  کہ سیالکوٹ شہر میں موجود سرکاری دفاتر، جیل، عدالتیں، پولیس لائن اور ڈپٹی کمشنر آفس کو  بھی ایمن آباد روڑ پرجلد شفٹ کیا جائے گا۔ سیالکوٹ شہر کی مشرقی جانب، سرکاری دفاتر، یونیورسٹی اور دیگر ادارے منتقل کیے جا رہے ہیں۔