اسلام آباد،15 دسمبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے قطر کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر جنرل عبدالہادی محمد ارحیب الحاجری سے ملاقات کی ہے۔
وزیر دفاع نے معزز مہمان کا خیر مقدم کیا اورکہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ قطر ایک اہم ملک ہے اور اس کا خطے میں کلیدی کردار ہے۔ قطر کے ساتھ ہمارے تعلقات باہمی احترام اور دوطرفہ تعاون پر مبنی ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ دونوں فریقین کو اپنے تعاون کو اقتصادی دائرے سے باہر دفاع، فوجی مشقوں اور افراد کی تربیت اور مشترکہ منصوبوں تک بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے عسکری ادارے قطری مسلح افواج کے لیے زیادہ سے زیادہ تربیتی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لیے کھلے ہیں۔
معزز مہمان نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے موجودہ دائرہ کار پراطمینان کا اظہارکیا۔











