اسلام آباد، 18 دسمبر(اے پی پی ): وزیراعظم کی زیر صدارت حلال گوشت کی برآمدی پالیسی پر جائزہ اجلاس ہوا۔ جس دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حلال گوشت کی برآمدی پالیسی کی منظوری دیتے ہوئے متعلقہ وفاقی وزارتوں کو صوبوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ دو ہفتوں میں تین سالہ عملی اقدامات پر مشتمل جامع حکمت عملی پیش کرنے کی خصوصی ہدایت کی، اس تناظر میں خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ۔
وزیراعظم نے مسلم ممالک سمیت حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ میں پاکستان کا حصہ بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت دیں۔وزیراعظم نے ملک میں موجود ذبیح خانوں کے انتظامات کو عالمی معیار کے مطابق کرنے اور انکی عالمی سرٹیفیکیشن میں سہولت فراہم کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کی حلال گوشت کی برآمدی مارکیٹ بڑھانے کے لیے قائم کردہ کمیٹی پیداوار، کولڈ سٹوریج اور دیگر عوامل کو بہتر بنانے کے لیے قابل عمل تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک میں حلال گوشت کی پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق اور علاقائی پیداواری مقدار کی مسابقت میں بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حلال گوشت کی پیداواری اور غذائی قدر میں اضافے کے لیے متعلقہ وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے منظم مراکز وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نہ صرف مسلم ممالک بلکہ حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ میں بھی پاکستان کا برآمدی حصہ بڑھانے کی خاطر خواہ گنجائش موجود ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں موجود ذبیح خانوں کی عالمی معیار کی سرٹیفیکیشن اور دیگر ممالک سے دو طرفہ رجسٹریشن میں حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملک میں موجود ذبیح خانوں کو بیماری سے پاک اور ان میں عالمی معیار کی صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں اور پاکستان کی حلال گوشت کی برآمد کو بالخصوص علاقائی تناظر میں بڑھانے کے لیے اس شعبے کی لاگت کو کم سے کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حلال گوشت کی برآمد کو بڑھانے کے لیے بزنس ماڈل کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ بہترین لآئحہ عمل سے مستفید ہوتے ہوئے مرتب کیا جائے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ پاکستان کی جانب سے بیماری سے پاک حلال گوشت کی برآمد بڑھانے کے لیے خصوصی زونز اور مراکز قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں حلال گوشت کی کل پیداوار 6 ملین میٹرک ٹن ہے اور مقامی ضرورت پوری کرنے کے بعد خاطرخواہ مقدار برآمد کرنے کے لیے میسر ہے۔ حلال گوشت کی پیداوار کو بڑھانے اور عالمی معیار کی پیکجنگ کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے کامرس جام کمال خان، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدے داران نے شرکت کی۔











