صدر آصف علی زرداری سے بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر کی ملاقات

26

اسلام آباد، 19 دسمبر (اے پی پی): صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور بحرین کے دوطرفہ تعلقات علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے بحرین کی قیادت کے حالیہ دورۂ پاکستان اور ان کے پرتپاک استقبال کو دوطرفہ تعلقات کی گہرائی کا عکاس قرار دیا۔

صدر زرداری نے بحرین کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی رکنیت حاصل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عالمی سطح پر بحرین کے فعال اور مؤثر کردار کا اعتراف ہے۔ انہوں نے پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر بحرین کی جانب سے اظہارِ یکجہتی پر بھی شکریہ ادا کیا۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے کا خواہاں ہے اور خوراک آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں بحرینی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے بحرین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت معاشی کردار کو سراہتے ہوئے ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں کو عزت اور مواقع فراہم کرنے پر بحرینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے شاہِ بحرین کی جانب سے پاکستانی قیدیوں کی معافی پر بھی اظہارِ تشکر کیا اور اسے انسانی ہمدردی کا قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔

ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی شریک تھے۔