فیڈرل سکولز ٹورنامنٹ کا افتتاح، 50 ہزار سے زائد بچوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا خوش آئند ہے، رانا مشہود احمد خاں

24

اسلام آباد۔22دسمبر  (اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا وژن آج تعلیم، فنی تعلیم، آئی ٹی، سائنس و ٹیکنالوجی، آرٹ اینڈ کلچر اور کھیلوں سمیت ہر شعبے میں عملی شکل اختیار کرتا نظر آ رہا ہے  جس کے مثبت اثرات گراس روٹس لیول تک نمایاں ہیں۔ وہ پیر کو فیڈرل  سکولز ٹورنامنٹ (بوائز اینڈ گرلز) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

 انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ  ، اس کے سیکرٹری محی الدین وانی، ڈی جی  سپورٹس  محمد یاسر پیرزادہ اور پوری ٹیم نے مثالی ٹیم ورک کے تحت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اسلام آباد میں 50 ہزار سے زائد بچوں اور بچیوں کو مختلف کھیلوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کئے گئے   ۔

رانا مشہود احمد خاں نےکہا کہ بچوں کو نہ صرف کھیلوں کے مواقع فراہم کیے گئے بلکہ انہیں کٹس، ٹریک سوٹس اور دیگر سہولیات بھی دی گئیں  جبکہ صرف ہاکی ہی نہیں بلکہ مختلف کھیلوں میں ان کی گرومنگ اور تربیت کی گئی۔ انہوں نے کہا ہے کہ فیڈرل  سکولز ٹورنامنٹ میں لڑکوں کی 17 اور لڑکیوں کی 13 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں  جن میں سے سامنے آنے والے ٹیلنٹ کو خالص میرٹ کی بنیاد پر مزید نکھارا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی خصوصی توجہ ہاکی پر مرکوز ہے اور کئی برسوں بعد پاکستان ہاکی نے دوبارہ میڈل اسٹینڈز پر جگہ بنانا شروع کی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ انہی باصلاحیت بچیوں اور بچوں میں سے پاکستان کا مستقبل ابھرے گا  جنہیں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

چیئرمین یوتھ پروگرام نے مزید بتایا کہ اس  سپورٹس انیشیٹو کو آئندہ مرحلے میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک توسیع دی جائے گی  جبکہ اس کا دائرہ کار پورے پاکستان تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو مثبت پلیٹ فارم فراہم کرنا، انہیں مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنا اور ان کی صلاحیتوں کو میرٹ کی بنیاد پر سامنے لانا ہے  جو خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔

 رانا مشہود احمد خاں  نے وزارتِ آئی پی سی، سیکرٹری آئی پی سی، وفاقی وزیر اور ڈی جی  سپورٹس یاسر پیرزادہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج شروع کیے گئے یہ اقدامات مستقبل میں دور رس اور مثبت نتائج دیں گے۔