اسلام آباد، 23 دسمبر ( اے پی پی): برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کے مطابق بدلتے عالمی نظام میں تیز رفتار تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، جہاں مڈل پاورز کے لیے نیا مگر پیچیدہ دور شروع ہو چکا ہے۔
فنانشل ٹائمز نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اس بدلتی عالمی سیاست میں سب سے مؤثر اسٹریٹجک رہنماؤں میں شمار کرتے ہوئے ان کی حکمتِ عملی کو نمایاں کامیابی قرار دیا ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کثیر جہتی خارجہ پالیسی کے ماہر اور مڈل پاورز کے کامیاب ملٹی الائنرز میں شامل ہیں۔ جریدے کے مطابق پاکستان کی قیادت نے واشنگٹن، بیجنگ، ریاض اور تہران کے ساتھ بیک وقت روابط برقرار رکھے، جو بدلتے عالمی ماحول میں ایک مؤثر سفارتی مثال ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق ٹرمپ کے غیر رسمی اور منفرد انداز کے ساتھ سب سے بہتر ہم آہنگی کا مظاہرہ پاکستان کے عسکری سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیا، جہاں بروقت خوش گفتاری اور نرم سفارتی رویہ مؤثر ثابت ہوا۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق اس حکمتِ عملی نے پاکستان کے لیے نئے سفارتی مواقع پیدا کیے اور سفارتکاری کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا۔
فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اس سفارتی کامیابی نے بھارت کو مایوس کیا، جبکہ بھارت کے لیے مڈل پاور کا کھیل توقع سے زیادہ مشکل ثابت ہوا ،جس کے باعث اسے مڈل پاور حکمتِ عملی میں مشکلات کا سامنا ہے۔











