وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، ویز اکلیئرینس نظام، پی پی آر اے آرڈیننس 2002 میں ترامیم ، نیشنل یونیورسٹی فار سکیورٹی سائنسز اسلام آباد 2025 کے بل کی تنسیخ کی منظوری

12

اسلام آباد۔23دسمبر  (اے پی پی):وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر ویزا کلیئرینس نظام کی منظوری دے دی جس کا مقصد بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کیلئے   شفاف اور محفوظ نظام کے تحت ویزے کے حصول کو آسان بنانا ہے۔

وفاقی کابینہ نے نیشنل یونیورسٹی فار سکیورٹی سائنسز اسلام آباد 2025  کے بل کی تنسیخ  اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2002 (پی پی آر اے آرڈیننس 2002 ) میں ترامیم کی اصولی منظوری بھی دے دی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم ہائوس  میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان  ملکی ترقی وخوشحالی اور سیاسی ہم آہنگی کے لیے  تمام سیاسی جماعتوں سے پرامن ڈائیلاگ کے  اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر تمام سیاسی جماعتوں کو متعدد بار ڈائیلاگ کی پیشکش کی جا چکی ہے ، سیاسی ڈائیلاگ کی آڑ میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کر نے کی کسی مذموم کوشش کو  کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی شفاف، مستند اور قابل اعتبار نجکاری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے حکومت ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے پوری قوم  کو انڈر 19 ایشیا کپ  جیتنے پر مبارکباد بھی دی۔

وفاقی کابینہ نے پٹرولیم ڈویژن کی سفارش پر آف گرڈ پاور پلانٹس لیوی ایکٹ 2025 کی توسیع تیسرے فریق کی جانب سے کیپٹیو پاور پلانٹس کو گیس کی فروخت پر بھی کرنے کی بھی منظوری دی۔وفاقی کابینہ نے پبلک ٹینڈرنگ اور پروکیورمنٹ کے تمام مراحل کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس  2002 میں ترامیم کی اصولی منظوری بھی دی۔اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے نیشنل یونیورسٹی فار سکیورٹی سائنسز اسلام آباد 2025  کے بل کی تنسیخ کی منظوری دیتے ہوئے قومی اسمبلی میں پرائیویٹ ممبرز بلز اور دیگر قانون سازی کے لیے موثر انداز میں مشاورت کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔

وفاقی کابینہ نے نیشنل کینبیز کنٹرول اینڈ ریگولیٹری پالیسی  2025 کی منظوری بھی دی جس کا مقصد ملک میں فارماسیوٹیکل اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں نباتاتی پودوں کے استعمال کا فروغ ہے۔وفاقی کا بینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر ویزا کلیئرینس نظام کی منظوری دی جس کا مقصد بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کیلئے   ایک شفاف اور محفوظ نظام کے تحت ان کے ویزے کے حصول کو آسان بنانا ہے۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹیو کیسز کے 20 اکتوبر 2025ء،   5 نومبر 2025ء اور 21 نومبر  2025ء کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی  کے 18 دسمبر2025ء کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔