کراچی، 23 دسمبر (اے پی پی): پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ(پی آئی ڈی ) نے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی ) کے تعاون سے شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(SZABIST))میں کلاسک پی ٹی وی ڈرامہ “جناح سے قائد” کا ایڈٹ ورژن دکھانے کا اہتمام کیا، تاکہ نوجوانوں میں تاریخی آگاہی اور قومی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔اس تقریب میں طلبہ، اساتذہ، پی آئی ڈی اور پی ٹی وی کے نمائندوں و دیگر افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پرصدر زیبیسٹ یونیورسٹی شہنازوزیر علی نے اس طرح کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو پاکستان کی آزادی کے لیے جدوجہد ، قربانیوں اور وژن کو سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے انیشیٹیوز کتابوں کی معلومات اور اصل تاریخ کے درمیان فرق کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، اور ایسی کاوشیں آزادی کی تحریک کو مؤثر اندازسے پیش کرتی ہیں۔
پی آئی ڈی کی ڈائریکٹر جنرل ارم تنویر نے نوجوانوں تک معتبر حقائق پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا، اور کہا کہ تاریخی حقائق کے ذریعے نوجوانوں کو مقصد کی جانب لانا ناگزیر ہے تاکہ ایک مضبوط قومی بیانیہ تشکیل دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی وی کے کلاسک ڈرامے جھوٹ اور غلط معلومات کے خلاف ایک مؤثر ذریعہ ہیں کیونکہ یہ حقیقت پر مبنی اور ثقافتی لحاظ سے مضبوط مواد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا، کہ تعلیمی اداروں کے ساتھ اس طرح کے تعاون سے ہمیں نوجوانوں تک براہ راست پہنچنے کا موقع ملتا ہے اور پاکستان کی تاریخ اور بانی اصولوں کے بارے میں آگاہی بڑھتی ہے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے علی اصغر نے کہا کہ پی ٹی وی کا تاریخ، اقدار اور شناخت پر مبنی مواد پیدا کرنے کا ایک طویل تجربہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”جناح سے قائد” جیسے منصوبوں کے ذریعے ہمارا مقصد نوجوان نسل کو قومی جدوجہد کے اہم لمحات سے دوبارہ جوڑنا ہے۔
اسکریننگ کے بعد ایک تعارفی بحث کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور مثبت فیڈبیک دیا، جس میں اس انیشیٹو کی تعریف کی گئی جس نے تاریخ کو قابل فہم اور دلچسپ بنا دیا۔
شرکاء نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس ڈرامے کی پیشکش نے انہیں نوآبادیاتی حکمرانی سے آزادی تک کے سفر کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدد دی۔











