ملتان،23دسمبر(اے پی پی): چلڈرن ہسپتال ملتان میں آج بروز منگل سموگ آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد عوام میں سموگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے آگاہی کو فروغ دینا ہے۔
ڈین چلڈرن ہسپتال ملتان پروفیسر محمد کاشف کی زیر نگرانی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کامران آصف، ڈاکٹر سعدیہ، ڈاکٹر عارف ذوالقرنین، ڈاکٹر اختر فریدی، ڈاکٹر روبینہ ناز، ڈاکٹر خرم نواز ، ڈاکٹر وقاص، ڈاکٹر ذوالفقار، ڈاکٹر حسیب سرگانہ، ڈاکٹر معاذ سمیت دیگر سینیئر ڈاکٹرز، سٹاف نرسز اور پیرا میڈیکس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈین پروفیسر محمد کاشف چشتی نے سموگ سے پیدا ہونے والی سانس اور آنکھوں کی بیماریوں اور اس سے بچاؤ کی احتیاطی تدبیر سے شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دسمبر سے فروری کے درمیان کم بارشوں اور فضائی آلودگی کی وجہ سے سموگ کا خطرہ درپیش رہتاہے لہٰذا احتیاتی تدابیر کے طور پر گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں، گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں، سڑکوں پر زیادہ چلنے سے پرہیز کریں، گھروں کی صفائی کے لیے گیلا کپڑا استعمال کریں، ٹھنڈے مشروبات سے پرہیز کریں، گھر سے باہر نکلتے وقت چشمے کا استعمال کریں اور سفر کے دوران اور بعد میں آنکھوں کو پانی سے دھوئیں۔











