کمشنر ملتان ڈویژن کی زیر صدارت نیو شمس کالونی میں سپورٹس ارینا اور پارکس کے قیام سے متعلق ایک اہم اجلاس

24

ملتان،23 دسمبر(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت نیو شمس کالونی میں سپورٹس ارینا اور پارکس کے قیام سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی جی ایم ڈی اے نے نیو شمس کالونی میں کھیلوں کے گراؤنڈز، پارکس اور دیگر ترقیاتی پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی اور جاری و مجوزہ منصوبوں سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران مسلم ہائی اسکول کی وال، محمدی گراؤنڈ اور اس کے اطراف کی بہتری سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ ان مقامات کی بیوٹیفکیشن اور بہتری سے نہ صرف تعلیمی و کھیلوں کے ماحول کو فروغ ملے گا بلکہ شہری حسن میں بھی اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر فلائی اوورز پر فینسی اور تھیم بیسڈ ڈیزائنز کے نفاذ اور ایم ڈی اے کی سڑکوں پر جدید لائٹنگ کے منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ شہری خوبصورتی کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبوں کو معیار اور تسلسل کے ساتھ مکمل کیا جائے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ گراؤنڈز اور پارکس کا قیام نوجوان نسل کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر کو پاک، سرسبز اور خوبصورت بنانا اولین ترجیح ہے تاکہ شہریوں کو بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اجلاس میں شہری خوبصورتی، ماحولیات اور عوامی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبوں کو جلد عملی شکل دینے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔