افواج پاکستان کی جرات و دلیری اور عوامی جوش و جذبے نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو اسے ہمیشہ یاد رہے گا، محمد شہباز شریف

11

مظفر آباد۔24دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کی جرات و دلیری اور عوامی جوش و جذبے نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو اسے ہمیشہ یاد رہے گا، وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت سے آزادی حاصل کریں گے، قائداعظم ؒاور علامہ اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر کا وقت آ گیا، شبانہ روز محنت سے پاکستان کو دنیا کا عظیم ملک بنائیں گے، پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا اجراء کرکے طلباء و طالبات کو میرٹ پر نہ صرف اندرون بلکہ بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے لئے بھی وظائف دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر مظفر آباد میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عظمت کے لئے قربانیاں دی ہیں اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے کو اپنا نصب العین بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں بھارت کے ساتھ ہونے والی جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی جرات و بہادری اور عوامی جوش و جذبے نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو اسے ہمیشہ یاد رہے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ شبانہ روز محنت کی بدولت پاکستان نہ صرف ترقی کرے گا بلکہ دنیا کا عظیم ملک بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج جن طلباء و طالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ ملے انہوں نے اپنے والدین اور اساتذہ کی محنت کا حق ادا کیا اور ان کا مان رکھا، یہ لیپ ٹاپ صرف ایک مشین نہیں بلکہ اعلیٰ تعلیم کے حصول اور باعزت روزگار کمانے کا ذریعہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم پر یہ کہہ کر تنقید کی گئی کہ یہ رشوت ہے لیکن یہ ثابت ہو گیا کہ یہ رشوت نہیں بلکہ نوجوانوں کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے کا ذریعہ ہے، نواز شریف نے وزیراعظم پاکستان اور میں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے یہ پروگرام شروع کیا تھا اور آج تک ایک بھی لیپ ٹاپ کسی سفارش پر نہیں دیا گیا، صرف میرٹ پر یہ لیپ ٹاپس محنت  اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں تقسیم کئے گئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاق آزاد کشمیر میں جو چار دانش سکول تعمیر کر رہا ہے وہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کی قربانیوں، قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت اور لاکھوں لوگوں کی ہجرت کے دوران دی گئی قربانیوں کی بدولت معرض وجود میں آیا جنہوں نے نئے وطن سے امید اور خواب وابستہ کئے تھے، قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر کا وقت آ گیا ہے، پاکستان کو شبانہ روز محنت سے عظیم ملک بنائیں  گے اور وہ دن دور نہیں جب بھارتی ظلم و جبر اور تسلط میں مشکل ترین زندگی بسر کرنے والے ہمارے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائی بھارت سے آزادی حاصل کریں گے۔

وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں دانش یونیورسٹی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ دانش سکولوں سے فارغ التحصیل طلباء و طالبات آج انجینئرز اور ڈاکٹرز بن کر نہ صرف ملک کی خدمت کر رہے ہیں بلکہ بیرون ملک بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

 وزیراعظم نے جلد پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کا اجراء کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ اس کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کے لئے بھی میرٹ پر وظائف دیئے جائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانو ں کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی سے آرستہ کرنا اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ہونہار طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کئے۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار فیصل ممتاز راٹھور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی پروقار تقریب کے مہمان خصوصی ہمارے ہونہار اور قابل بچے ہیں، لیپ ٹاپ ہماری نوجوان نسل کے لئے رابطوں کا ذریعہ ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے دلوں میں بستا ہے، نوجوان نسل کو عہد حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے پرعزم ہیں، پاکستان سے محبت کا والہانہ رشتہ وقت کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے۔  وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم کی زیرقیادت پاکستان نے سفارتی، دفاعی اور معاشی محاذ پر بے پناہ کامیابیاں حاصل کیں۔

 وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو میرٹ پر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم کی زیرقیادت ملک کے طول و عرض میں نوجوانوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، وزیراعظم کے وژن کی روشنی میں نوجوانوں کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں۔

 تقریب میں شریک منتخب طلباء و طالبات جنہوں نے دو سال قبل لیپ ٹاپ حاصل کئے، نے لیپ ٹاپ کی مدد سے اپنی تعلیمی کامیابیوں کے بارے میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ کی بدولت انہیں بہترین تعلیمی کارکردگی دکھانے کا موقع ملا۔ خصوصی طالبہ افشین زاہد نے وزیراعظم کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لیپ ٹاپ کی بدولت انہیں اپنی تعلیم جاری رکھنے کا موقع مل سکا۔

تقریب190 میں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، احسن اقبال، انجینئر امیر مقام، مشیر وزیراعظم رانا  ثناء اللہ، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں، وائس چانسلر ناصر جمال خٹک اور یونیورسٹی کے سینکڑوں طلباء و طالبات  نے شرکت کی۔