وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی ترقی کے لیے بندرگاہوں کے حوالے سے نجی شعبے کی ورکنگ گروپ کا اجلاس

17

‎اسلام آباد، 24 دسمبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی ترقی کے لیے بندرگاہوں کے حوالے سے نجی شعبے کی ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کاروباری برادری کے لیے بندرگاہوں پر سہولیات اور اصلاحات کے حوالے سے مختلف سفارشات پیش کی گئیں۔

‎  اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں کاروبار بڑھانے اور معاشی ترقی کے لیے بندرگاہوں کا انتہائی اہم کردار ہے۔ انہوں نے مختلف اداروں کے آپس میں تعاون کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ے۔

‎وزیراعظم نے بندرگاہوں پر مختلف نوعیت کے پورٹ چارجز کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ متروک کارگو کی نیلامی کے لیے ایک شفاف نظام لایا جائے۔ انہوں نے متروک کارگو کے لیے مختلف بندرگاہوں میں الگ یارڈز بنانے کی ہدایت کی اور عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی خدمات لینے کی تجویز دی۔

‎وزیراعظم نے بندرگاہوں پر کارگو کی جانچ کے لیے ابتدائی ٹیسٹنگ لیب قائم کرنے اور غیر ضروری لیبارٹری ٹیسٹس کا خاتمہ کرنے کی ہدایت بھی دی۔‎انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام بندرگاہوں کی ڈریجنگ اور توسیع پر کام تیز کیا جائے تاکہ بڑے جہاز لنگر انداز ہو سکیں اور اندرون ملک کارگو کے نقل و حمل کے لیے بندرگاہوں سے ریل کی کنیکٹیویٹی کو مزید بہتر کیا جائے۔

‎بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پی آئی اے کی شفاف نجکاری سے پاکستان کی کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ نیشنل پورٹس ماسٹر پلان پر کام تیزی سے جاری ہے اور حال ہی میں پورٹ کمیونٹی سسٹم آپریشنل کیا گیا ہے۔

‎اس کے علاوہ بتایا گےا کہ کراچی کی بندرگاہوں کی توسیع اور ڈریجنگ کے لیے ٹینڈر دیے جا چکے ہیں اور کام بہت جلد شروع ہونے والا ہے۔