محکمہ بیت المال کا مقصد مذہب، ذات یا عقیدے کی تفریق کے بغیر معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کی معاونت کرنا ہے، شا ہین خالد بٹ

18

لاہور۔24دسمبر  (اے پی پی):مینیجنگ ڈائر یکٹر پاکستان بیت المال سینیٹر شاہین خالد بٹ نے کہا ہے کہ بیت المال کا مقصد مذہب، ذات یا عقیدے کی تفریق کئے بغیر معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کی معاونت کرنا ہے،مسیحی برادری سمیت ہر مستحق پا کستا نی کے لیے بیت المال کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔

ان خیا لات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں مقامی چرچ میں مستحق افراد کے میں امدادی چیک تقسیم کر نے کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔شا ہین خالد بٹ نے کہا کہ میر ے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں کرسمس  کے موقع پر آج اس تاریخی چرچ میں آپ کے درمیان موجود ہوں،کرسمس محبت، ہمدردی ،قربانی اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتا ہےجو ہماری قومی اقدار اور  بیت المال کے مشن کے عین مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال ایک فلاحی سرکاری ادارہ ہےجس کا مقصد مذہب، ذات یا عقیدے کی کسی بھی تفریق کے بغیر معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کی معاونت کرنا ہے،آج ہماری یہاں موجودگی ریاست کے اس عظیم عزم کی تجدید ہے کہ ہر شہری کو عزت،مساوات اور سماجی انصاف ملنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال کی جانب سے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے100 معذور افراد میں مالی امداد کے تحت30 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے گئے ہیں،یہ امداد گھریلو ضروریات، طبی اور جراحی اخراجات،جدید نقل و حرکت کے آلات اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے دی جاتی ہے۔انہوں نے  کہا کہ  بیت المال نے رواں سال مسیحی برادری کے لیے خصوصی مالی امداد کی مہم کا انعقاد کیا،اس سے قبل شیخوپورہ، یوحنا آباد ، اسلام آباد، راولپنڈی، گجرات، سیالکوٹ اور فیصل آباد  سمیت دیگر شہروں میں مسیحی برادری کے لیے  خصوصی چیک دینے کا اہتمام کیا گیاجو اب  اختتامی  مراحل کی طرف گامزن ہے۔

شا ہین خالد بٹ نے کہا کہ  یہ تمام تر اقدامات محض علامتی نہیں بلکہ یہ مستقل اور سنجیدہ حکومتی پالیسی کا اظہار  اور ہماری قیادت کا وژن بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص جس کی  آمدنی 74  ہزار روپے سے کم  ہے وہ اس  مددکا حقدار ہےوہ چاہے کرسچین ہو، ہندو ہو، پارسی ہو، مسلمان ہو یا  سکھ ہوسب کے لیے  ہمارا یہ پروگرام  جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان خصوصی منصوبوں کے علاوہ پاکستان بیت المال مسیحی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبوں کے ذریعے سارا سال سرگرم عمل رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال تعلیم، صحت اورچائلڈ لیبر سمیت متعدد سوشل پراجیکٹس پر کام کر رہا ہے،یہ مالی امداد ان میں سے ایک پراجیکٹ ہے۔انہوں نے  تقریب کے آخر میں مسیحی  معذور افراد میں چیک تقسیم کئے،مبارکباد دی  اور کرسمس  کا کیک کاٹا۔